گوجرانوالہ ( ۔ 22 مئی 2021ء ) گوجرانوالہ کے مقام اٹاوہ پر کپڑا بنانے والی فیکٹری میں آگ لگ گئی۔آگ پر قابو پانے کے لیے فائر ٹینڈرز مصروف ہیں مگر فیکٹری میں کپڑااور کیمیکل موجود ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے میں دقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گزشتہ تین چار گھنٹوں سے لگی یہ آگ مسلسل بے قابو ہوتی جا رہی ہے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کپڑے کی فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے 6فائر ٹینڈر استعمال کیے جا رہے ہیں جبکہ مزید فائر ٹینڈر بھی منگوا لیے گئے ہیں اور کوشش یہی ہے کہ جلد اس آگ پر قابو پا لیا جائے

انتظامیہ کے مطابق ابھی تک آگ لگنے کی وجہ بھی معلوم نہیں ہو سکی اور اس افسوسناک واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع بھی موصول نہیں ہوئی البتہ مالی نقصان بڑے پیمانے پر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ آگ نے فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ مہینے بھی گوجرنوالہ کے علاقے اسمال اسٹیٹ میں پلاسٹک کی ایک فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔
جس کے نتیجے میں ایک دیوار گر گئی تھی جبکہ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس پر قابو پانے کے لیے 19فائر ٹینڈر سمیت 24گاڑیاں استعمال کی گئی تھیں۔اس کے علاوہ ایک گتا بنانے والی فیکٹری میں بھی آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں کافی مالی نقصان ہوا تھا۔فیکٹریوں میں آگ لگنے کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں جس میں بسااوقات جانی نقصان بھی ہو جاتا ہے مگر اس کے باوجود بھی حکومت انہیں سیفٹی اقدامات کو یقینی بنانے اور آگ بجھانے کا باقاعدہ سامان مہیا کرنے کے لیے پابند نہیں کرتی اور نہ ہی اس سلسلے میں کسی قسم کی آئینی سازی کی جاتی ہے۔
چھوٹے چھوٹے محلوں اور تنگ گلیوں میں بھی یونٹ لگا کر لوگ کمرشل بنیادوں پر کام کرتے ہیں کہ خدانخواستہ وہاں آگ لگ جائے تو ریسکیو کرنے کے ذرائع بھی میسر نہیں آتے۔حکومت کو چاہیے کہ اس حوالے سے سخت قانون سازی کی جائے تاکہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہو سکیں
0 Comments
Allah