پاکستان یکم فروری سے مینوئل ویزوں کا اجرا روک دے گا پاکستان یکم فروری 2021 سے
مینوئل ویزوں کا اجرا روک دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں موجود پاکستانی
سفارت خانے نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ای ویزا طریقہ کار پر عمل
درآمد کے سلسلے میں حکومت پاکستان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے امریکا بھر میں
موجود پاکستانی سفارت خانہ اور قونصل خانے یکم فروری 2021 سے مینوئل ویزوں کا
اجرا روک دیں گے۔ پاکستان آئندہ ماہ سے مینوئل ویزوں کا اجرا بند کردے گا اور غیر
مقیم پاکستانیوں اور دیگر افراد جو کہ وہاں کا سفر کرنا چاہتے ہیں انہیں
الیکٹرانک یا ای-ویزوں کے لیے آن لائن اپلائی کرنے کا کہا گیا ہے۔ سفارت خانے کے
بیان میں کہا گیا کہ ویزا حاصل کرنے کے خواہشمندوں کو آن لائن اپنی درخواستیں جمع
کروانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ سفارت خانے کے ایک سینیئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس
تبدیلی کا اطلاق دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی سفارت خانوں پر ہوگا اور وہ
یکم فروری سے مینوئل ویزوں کا اجرا روک دیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے کئی سال
قبل مینوئل پاسپورٹ کا اجرا روک دیا تھا۔ ویزوں کے علاوہ پاکستانی سفارتخانے قومی
شناختی کارڈ اور اسی طرح کی دیگر دستاویزات کے لیے بھی درخواستیں نہیں وصول
کرسکیں گی اور اب یہ تمام خدمات آن لائن دستیاب ہوں گی۔ یہی تبدیلی شمالی امریکا
اور یورپ میں بالخصوص دوہری شہریت کی اجازت نہ دینے والے ممالک میں مقیم
پاکستانیوں پر اثر انداز ہوگی۔ حتیٰ کہ آسٹریلیا، برطانیہ اور امریکا جیسے ممالک
جو کہ دہری شہریت کی اجازت دیتے ہیں وہاں لوگ اپنے پاسپورٹ پر ویزے کی مہر لگواکر
سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں کیوں کہ اپنے آبائی ملک کے پاسپورٹ پر سفر کرنا اکثر
شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے۔
0 Comments
Allah